Flying Bicycle – اُڑن سائیکل

Flying-Bike-5

                                                          اُڑن سائیکل

                             (سائنس کی ایک اور ایجاد ۔۔۔۔۔۔اُڑنے والی سائیکل۔اور عاشر کے پاپا نے اسکو وہ سائیکل لادی،لیکن وہ اسکی حفاظت نہ کر سکا)

                                                                                                                                                                     ’’ عاشر۔۔۔۔بھئی تم نے اپنی نئی موٹر بائیک نہیں دکھائی جو تمہارے پاپا’’ چیکوسلو واکیہ‘‘ سے لائے ہیں ۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          عاشر کے دوست حمزہ نے پھر پوچھا تو عاشر ایک بار پھر شرمندہ ہوکر چپ کرگیا

          ’’ آخر بات کیا ہے ۔۔۔۔۔تم کچھ بولتے کیوں نہیں ، پہلے تو تم نے اس موٹر بائیک کی تعاریفیں کر کر کے ہمارے کان کھا لئے تھے اور اب جب وہ آگئی ہے تو تمہیں چپ لگ گئی ہے۔۔۔۔؟ کیا مجھے دکھانا نہیں چاہتے کہ کہیں میری نظر نہ لگ جائے۔۔۔۔؟ ‘‘  حمزہ خفگی سے بولا

          ’’ نہیں یار۔۔۔ ۔۔ناراض نہ ہوایسی کوئی بھی بات نہیں ہے جو تم سمجھ رہے ہو، بات تو کچھ اور ہے۔۔۔۔۔! ‘‘

          عاشر پھر کہتے کہتے رک گیا

          ’’ وہی بات۔۔۔۔۔ وہی بات تو پوچھنا چاہ رہا ہوں میں کہ  ’ وہ کچھ اور بات ‘ کیا ہے جو تم مجھے بھی بتانا نہیں چاہتے۔۔۔۔! ‘‘

          حمزہ نے اثرار کیا لیکن عاشر پھر بھی کچھ کہہ نہ سکا

          ’’ اچھا چل جانے دے یار۔۔۔۔۔اپنا موڈ ٹھیک کر لے ، میں اب تجھ سے اس بارے میں کچھ نہیں پوچھوں گا

          ’’ نہیں ۔۔۔۔۔یہ بات نہیں کہ میں تمہیں کچھ بتانا نہیں چاہتا،بلکہ بتانے کو کچھ ہے ہی نہیں ۔‘‘ عاشر نے وضاحت کرنے کی کوشش کی

          ’’ کیا مطلب۔۔۔۔۔۔؟ کیا تم یہ کہنا چاہتے ہو کہ تمہارے پاپا جو موٹر بائیک لانے والے تھے ۔۔۔۔۔وہ نہیں لائے۔۔۔۔؟ ‘‘                          ’’ لائے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔!مگر وہ موٹر بائیک نہیں ہے۔۔۔۔۔ایک سائیکل ہے۔۔۔۔۔! ‘‘  عاشر بمشکل کہہ پایا اور اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے              یہ سن کر حمزہ کے منہ سے ہنسی کا فوارہ چھوٹ گیا

          ’’ کیا کہا تم نے۔۔۔۔۔۔ایک سائیکل ہے۔۔۔۔؟ نہیں یار جانے دے مذاق نہ کر۔ ہر وقت کا مذاق اچھا نہیں ہوتا۔۔۔۔اور تُو تو مذاق کرنے میں اتنا ماہر ہوگیا ہے کہ آنکھوں میں آنسو بھی بھر لاتا ہے۔۔۔! ‘‘

          ’’ نہیں بھئی میں مذاق نہیں کر رہا ۔۔۔۔! مذاق توخود میری ساتھ ہوا ہے۔ مجھے پاپا سے یہ اُمید ہرگز نہیں تھی کہ وہ میری ساتھ ایسا مذاق کریں گے۔‘‘ عاشر بہت دکھ سے بولا

          ’’ ویسے یار عاشر ۔۔۔۔میرا خیال تھا کہ تم اب بڑے ہوگئے ہو اور انجینئرنگ کالج میں پڑھتے ہو ۔۔۔۔! کیا تمھارے پاپا کو اس بات کا ابھی یقین نہیں آیا ۔۔۔۔۔؟ آخر اُنہوں نے تمہاری ساتھ یہ مذاق کیوں کیا، سائیکلیں تو تم بچپن سے چلا رہے ہو اور تمہارے پاس ہمیشہ ایک سے بڑھ کر ایک شاندار سائیکل ہوتی تھی۔مگر اب تو تمہیں گاڑی کی ضرورت تھی، چلو گاڑی نہ سہی موٹر بائیک ہی سہی۔۔۔۔۔۔۔مگر یہ سائیکل والی بات تو مجھے بھی سمجھ نہیں آئی۔۔۔۔!‘‘ حمزہ حیرت سے بولا

          ’’ ہاں یار۔۔۔۔۔۔اسی بات کا تو دکھ تھا مجھے جو میں شرمندگی کے مارے تجھ سے بھی شئر نہیں کر پا رہا تھا۔ کیا کوئی اپنے اکلوتے بیٹے کی ساتھ ایسا سلوک کرتا ہے۔۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ تو بالکل ٹھیک شرمندہ ہو رہا تھا۔۔۔۔تیری جگہ میں ہوتا تو مجھے بھی ایسا ہی دکھ ہوتا ۔۔۔۔بلکہ ہو رہا ہے ۔ یہ تو سراسر دھوکہ ہے۔ ‘‘

           حمزہ نے تائید کی توعاشر کی آنکھوں میں پھر آنسو آگئے

          ’’ بس کر یا ر۔۔۔۔۔میں تیرے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ ویسے تم نے پاپا سے پوچھا نہیں کہ اُنہوں نے ایسا کیوں کیا۔۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ میں تو اُن سے ناراض ہوں، میں نے تو اس سائیکل کی شکل بھی نہیں دیکھی۔ ویسے پاپا کہہ رہے تھے کہ وہ میرے لئے ایک سرپرائز ہے۔بے حد مہنگی ہے کیونکہ وہ بہت اسپیشل سائیکل ہے ،جواُ نہوں نے خاص طور پر میرے مکینیکل انجینئرنگ میں داخلہ ملنے کی خوشی میں لی ہے تاکہ میں اس پر کچھ تحقیق بھی کرسکوں اور اس طرح کی سائیکل بنانے میں اپنے ملک کی مدد بھی کرسکوں۔ دیکھ یار حد ہوگئی نا ۔۔۔۔اب کیا میں مکینیکل انجینئر بن کر سا ئیکلیں بنائوں گا۔۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          عاشر کو بہت دکھ ہو رہا تھا، ایسا صدمہ تو اسکو زندگی میں کبھی نہیں ہوا تھا ۔                                                                 ’’ ہاں یار ۔۔۔۔۔چاہے کتنی بھی مہنگی ہو سائیکل تو پھر سائیکل ہی ہوتی نا۔ اچھا تم ایسا کرو مجھے وہ سائیکل دکھاؤ تو سہی ۔۔۔۔میں ڈیڈی سے کہہ کر اپنے چھوٹے بھائی کے لئے خرید لونگا۔۔۔۔پھر تم موٹر بائیک خرید لینا۔۔۔۔۔! ‘‘

          حمزہ نے عاشر کی مشکل حل کرنے کی کوشش کی                                                                                            ’’ ہاں یہ اچھا آئیڈیا ہے۔۔۔۔چلو تو پھر تم ا س سائیکل کو چل کر دیکھ لو۔‘‘

                             عاشر حمزہ کو اپنے گھر لے آیا اور وہ دونوں گھر کے عقب میں بنے دوسرے گیراج کی طرف چلے گئے۔لیکن گیراج کے گیٹ پر تو تالہ پڑا تھا۔۔۔۔۔۔۔یہ دیکھ کر عاشر کو بہت غصہ آیا اور اس نے گارڈ کو آواز دی، گارڈ بھاگا ہوا آیا۔

          ’’ جی چھوٹے صاحب ۔۔۔۔کیا حکم ہے۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ حکم کے بچے ۔۔۔۔۔اس گیراج کو تالہ کیوں لگایا ہوا ہے،۔۔۔۔کونسی ایسی قیمتی چیز ہے اس میں ۔۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ سائیکل ہے صاحب جی۔۔۔۔! اور بڑے صاحب نے خاص ہدایت کی ہے اسکی نگرانی کی،چوری کا بہت خطرہ ہے نا جی۔‘‘

          گارڈ نے بہت رازداری سے بتایا تو عاشر دانت پیس کر رہ گیا ۔

          ’’ اچھا بس ہمیں نا بتاؤ کہ یہ کتنی قیمتی چیز ہے ۔۔۔۔۔جاؤ جاکر اس گیراج کی چابی لے کر آؤ۔‘‘

                   جب تک گارڈ چابی نہیں لے آیا عاشر کھڑا غصے سے پیر پٹختا رہا۔

          ’’ جلدی کھولو تالہ۔۔۔۔! اور اس کے بعد مجھے دوبارہ یہاں تالہ نظر نا آئے ورنہ میںاس تالے کی ساتھ تمہیں بھی اُٹھا کر باہر پھینک دونگا  ۔ ‘‘

          ’’ جو حکم جناب ۔۔۔۔ لیکن اس سے پہلے اگر آپ بڑے صاحب سے اس بارے میں پوچھ لیں تو بہتر ہوگا ۔‘‘ گارڈ بولا

          ’’ گیٹ لاسٹ۔۔۔۔۔یو  ایڈیٹ !  تم سے کسی نے مشورہ نہیں مانگا۔‘‘ عاشر غصے سے چیخا اور گارڈ حیرت سے عاشر کو دیکھتا ہوا اپنی جگہ پر چلا گیا، کیونکہ عاشر نے آج پہلی بار اتنی بد تمیزی سے بات کی تھی ورنہ وہ سب کی بہت عزت کرتا تھا۔

           ’’ ریلیکس۔۔۔۔۔کول ڈاؤن یار ، کیا ہو گیا ہے۔۔۔۔اس میں ان کا کیا قصور ہے ۔۔۔۔؟ ‘‘  حمزہ نے اسکو سمجھانے کی کوشش کی

ٍٍ                   وہ دونو ں گیراج کا گیٹ کھول کر اندر داخل ہوگئے۔۔۔۔۔۔لیکن اندر جاتے ہی ان کو جیسے240 وولٹ کرنٹ کا جھٹکا لگاہو ۔ حیرت سے ان کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے۔۔۔۔ان کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں ہو رہا تھا کہ جو کچھ وہ دیکھ رہے ہیں وہ خواب ہے یاحقیقت ۔۔۔!

                   وہاں ایک انتہائی شاندار ہیلی کاپٹر نما چیز کھڑی تھی ،جس کے دو پہیئے تو عام سائیکل کی طرح عمودی تھے لیکن اس سے کہیں زیادہ بڑے چار اُفقی پہیئے بھی تھے جو ہیلی کاپٹر کے پروپیلر کی طرح تھے،ان کی ساتھ دو بیٹریاں بھی لگی ہوئی تھیں ۔ایسی غیر معمولی چیز دیکھ کر  ان کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا تھا۔

           ’’ عاشر۔۔۔۔۔۔یار مجھے ذرا چٹکی تو کاٹنا ، کہیں میں خواب تو نہیں دیکھ رہا۔۔۔ یہ میری آنکھیں کیا دیکھ رہی ہیں ۔۔۔۔ ۔؟ ‘‘

حمزہ غیر یقینی سے بولا

          ’’ غالباََ وہی جو میری آنکھیں دیکھ رہی ہیں ۔۔۔۔۔۔! ‘‘ عاشر بھی حیرت اورشرمندگی سے بولا

          ’’  یا  ہُو  و  و  و۔۔۔۔۔۔! ‘‘ وہ دونوں ہاتھ ملاتے ہوئے اور مُکے ہوا میں لہراتے ہوئے ایک ساتھ چِلانے اور چھلانگے لگانے لگے  ’’ واؤ ۔۔۔۔! اتنی خوبصورت اور منفرد سائیکل تو میںنے آج تک نہیں دیکھی۔۔۔۔! کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کوئی سائیکل ایسی بھی ہو سکتی ہے۔ ‘‘  عاشرخوشی سے پھولے نہیں سما رہا تھا ،اس کے پیر زمین پر نہیں ٹِک رہے تھے،اور اب وہ موٹر بائیک کوبھی بھول گیا تھا۔

          ’’یار عاشر۔۔۔۔۔۔۔ تو بھی کتنا نا لائق ہے، پہلے مجھے شک تھا مگر اب یقین ہوگیا ہے کہ تُو کافی بے وقوف ہے۔۔۔۔۔۔ یار تُو نے اپنے اتنے عظیم پاپا پہ شک کیا۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ ہاں یار۔۔۔۔۔۔اب تو مجھے بھی یقین ہوگیا ہے۔۔۔۔! ‘‘ عاشر شرمندگی سے بولا

          ’’ مانتا ہے نا کہ تُو واقعئی بے وقوف ہے۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ نہیں اُلو۔۔۔۔۔میرے پاپا عظیم ہیں یہ یقین ہوگیا ہے۔۔۔۔! ‘‘

          ’’ چلو یہ تو اچھا ہوا کہ تمہاری غلط فہمی خود ہی دور ہوگئی ۔۔۔۔۔! ‘‘ پیچھے سے پاپا کی آواز آئی تو عاشر دوڑ کر پاپا سے لپٹ گیا

          ’’ آئی ایم ویری سوری پاپا۔۔۔۔۔مجھے معاف کردیں، مجھے واقعئی غلط فہمی ہو گئی تھی۔‘‘

          ’’ کوئی بات نہیں بیٹا کبھی کبھی ایسا ہوجاتا ہے۔۔۔ اب تو خوش ہو نا۔۔۔۔؟ ‘‘ پاپا نے اسکی کمر تھپکی

          ’’ جی پاپا۔۔۔۔بہت زیادہ خوش ،آئی لو یو پاپا ۔۔۔۔۔یہ تو میرے حسین خوابوں کی تعبیر ہے، میرے نہیں بلکہ ہمارے۔۔۔۔!‘‘ اس نے حمزہ کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔

          ’’ کیوں نہیں ۔۔۔۔آپ دونوں اسے شئر کر سکتے ہو۔‘‘ پاپا محبت سے بولے

          ’’ پاپا میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ آپ مجھے اتنا اچھا اور قیمتی سر پرائز دینے والے ہیں۔۔۔۔! آپ دنیا کے سب سے اچھے پاپا ہیں۔‘‘

          عاشر اپنی خوشی کا اظہار نہیں کر پا رہا تھا

          ’’ مجھے بھی تم پر فخر ہے بیٹا ۔۔۔۔۔تم بھی بہت اچھے بیٹے ہو۔ تم نے جس طرح میرے کہنے پر اپنے میوزک کے شوق کو چھوڑ کر انجینئرنگ میں داخلے کے لئے محنت کی تھی وہ بھی سب بیٹے نہیں کر سکتے۔‘‘

                   حمزہ یہ سب دیکھ کر شرمندہہو رہا تھا کیونکہ وہ اپنے پاپا کی فرمائش پوری نہ کر سکا تھا ، اس نے انٹری ٹیسٹ کے لئے محنت نہیں کی تھی جس کے نتیجے میں اس کو میڈیکل میں داخلہ نہ مل سکا تھا، اس کے ڈیڈی کو بہت افسوس ہوا تھا لیکن حمزہ مطمئین تھا کہ اس پانچ چھ سال کی سخت محنت سے اسکی جان بچ گئی۔اور اب وہ بی سی ایس کر رہا تھا۔ حمزہ کو اپنے اس فیصلے سے پہلے کبھی ایسی شرمندگی نہیں ہوئی تھی جتنی آج عاشر کے پاپا کا اپنے بیٹے پر فخر دیکھ کر ہو رہی تھی۔ اب وہ سوچ رہا تھا کہ کاش وہ بھی تھوڑی سی محنت کر لیتا تو اس کے ڈیڈی بھی آج اس پر ایسے ہی فخر کررہے ہو تے ۔

          ’’ اچھا پاپا یہ تو بتائیں کہ اس انوکھی سائیکل کی خوبیاں کیا کیا ہیں۔۔۔۔؟ دیکھنے میں تو یہ بہت ہی خاص لگتی ہے۔‘‘ عاشر نے تجسس سے پوچھا

          ’’ ہاں بیٹا یہ بے حد خاص چیز ہے ۔۔۔۔۔! لیکن اس کی خوبیاں میں تمہیں نہیں بتاؤں گا، یہ تم خود ہی دیکھناجب اسکو چلاؤ گے۔۔۔!‘‘

          پاپا نے اسکا تجسس اور بھی بڑھا دیا تھا

          ’’ وہ تو ٹھیک ہے پاپا لیکن ہم اس سائیکل کو چلائیں گے کہاں ۔۔۔۔۔؟ کیونکہ اس کو اگر ہم نے سڑک پر نکالا تو اس عجیب و غریب چیز کو دیکھنے کے لئے ایک ہجوم اکھٹا ہو جائے گا۔

           ’’  جی انکل۔۔۔۔یہ بات تو عاشر نے بالکل صحیح کی ہے، اور پھر اسکی چوری کا بھی تو خطرہ ہے۔۔۔۔ایسی نایاب چیز تو کسی نے بھی نہیں دیکھی ہوگی۔۔۔۔! ‘‘  حمزہ بولا

          ’’ ہاں بیٹا ۔۔۔۔مجھے ان باتوں کا احساس ہے۔ اس لئے میں نے فیصلہ کیا ہے ہم اسکو اپنے فارم ہاؤس پر لے جا کر رکھیں گے اورتم لوگ وہیں جا کر اسکو چلانا، انجوئے بھی کرنا اور اسکی بناوٹ پر غور بھی کرنا۔۔۔۔آخر کل کو تم نے بھی تو اسی طرح کی چیزیں اپنے ملک کیلئے تیار کرنی ہیں اور ہمارے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔‘‘

          ’’ اوہ یس پاپا۔۔۔۔۔آپ کا فارم ہاؤس والا آئیڈیا زبردست ہے، وہاں ہم بلا روک ٹوک اسکو چلا سکیں گے، وہاں کوئی بھی اسکو دیکھ کر رکے گا نہیں، کیونکہ وہاں کے دیہاتی لوگوں کو اس سے کوئی غرض نہیں ہوگی۔‘‘ عاشر بولا

          ’’ جی انکل۔۔۔۔۔اور پھر اب تو ہماری گرمیوں کی چھٹیاں بھی ہونے والی ہیں ، میں بھی اپنے ڈیڈی سے اجازت لے لونگا،پھر ہم گاؤں جا کر خوب انجوئے کریں گے اور اس سائیکل کی خوبیاں مکمل آزادی کے ساتھ دریافت کر سکیں گے ۔۔۔۔! ‘‘  حمزہ بھی خوشی سے بولا        ’’ کیوں نہیں۔۔۔۔لیکن اس کے بارے میں آپ لوگوں نے کسی کو بھی نہیں بتانا ہے۔یہ میرا ایک تجرباتی مشن ہے، میں چاہتا ہوں کہ  اس پر خو ب تحقیق کر کے عاشر بھی ایک اچھا مکینیکل انجینئر بن جائے، کیونکہ نئے تجربات کے لئے نیا ذہن زیادہ اچھے طریقے سے کام کرسکتا ہے۔۔۔۔۔ہمارا ذہن تو اب کام کر کر کے تھک چکا ہے اور کسی بھی نئی دریافت سے اس طرح فائدہ نہیں اُٹھا سکتا جس طرح کہ آپ لوگوں کا۔‘‘

                   عاشر کے پاپا بھی مکینیکل انجینئر تھے اور مکینکس کی دنیا کی ہر نئی دریافت پر نظر رکھتے تھے کہ کس طرح ہم کسی بھی نئی چیز کو اپنے ملک میں متعا رف کراکر اس کے استعمال کو عام لوگوں کے لئے آسان بنا ئیں۔یہ سائیکل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی جو ابھی نئی نئی ایجاد ہوئی تھی اور اس کی معلومات اور پہنچ صرف چند ممالک تک ہی محدود تھی اسی لئے یہ بے حد مہنگی تھی، لیکن چونکہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اس لئے عاشر کے پاپا نے اسکو فوراََ خرید لیا تھا۔ عام لوگوں کے لئے تو ابھی یہ ایک عجوبہ ہی تھی۔یہ’’ ایف بائیک‘‘ نامی سائیکل چیک گروپ آف کمپنیز نے بنائی تھی اور ابھی نمائش کیلئے پیش کی تھی۔ اس بہت ہلکے ایلوئے فریم کی سائیکل کے کراس بار میں لیتھیئم۔پولیمر بیٹریز لگی تھیں جو چھ پروپیلرز کو چلاتی تھیں۔ اب ایسی سائیکل کی حفاظت اور رازداری بھی ضروری تھی۔

          ’’ کیوں نہیں پاپا۔۔۔۔۔ہم اسکی رازداری کا بھی خیال رکھیں گے اور جو مشن آپ کے ذہن میں ہے اسکو بھی پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ‘‘  عاشر بھی اپنے پاپا کی طرح بے حد ذہین اور محنتی تھا۔

          ’’شاباش بیٹا۔۔۔۔مجھے تم سے یہی اُمید تھی، تم میراہر خواب پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہو۔اچھا جب تمہاری چھٹیاں ہوجائیں تو بتانا ،میں اس سا ئیکل کو فارم ہاؤس منتقل کروا دونگا۔ لیکن تب تک تم لوگ بالکل بھول جاؤ کہ تم نے یہاں یہ سائیکل دیکھی تھی،تاکہ بھولے سے بھی تم کسی سے اسکا ذکر نہ کرسکو۔۔۔۔۔۔ ٹھیک ہے۔۔۔؟ ‘‘

          ’’ ٹھیک ہے پاپا۔۔۔۔ہم سمجھ گئے۔‘‘ عاشر بولا

          ’’ جی انکل۔۔۔۔ہم سمجھیں گے کہ ہم نے کچھ نہیں دیکھا۔‘‘  حمزہ نے بھی یقین دلایا تو پاپا مسکراتے ہوئے باہر نکل گئے

                   عاشر نے باہر آکر گیٹ بند کیا اور گارڈ کو بلا کر کہا کہ گیراج کو تالہ لگا دو، اور تلقین کی کہ اب یہ گیراج تبھی کھولنا جب پاپا کہیں

          ’’ جی چھوٹے صاحب ۔۔۔۔جو حکم۔‘‘ گارڈ وعاشر کا یہ نیا آرڈر سن کر مسکرایا تھا، کیونکہ تھوڑی دیر پہلے اسکا کچھ اور آڈر تھا۔

 اس کو بھی یہ علم نہیں تھا کہ وہاں گیراج میں ایسی کیا قیمتی چیز ہے۔ اسکو بھی بس یہی پتا تھا کہ وہاں ایک سائیکل ہے اورا اسکی بہت حفاظت کرنی ہے۔

                   عاشر اور حمزہ بظاہر اپنی اپنی پڑھائی اور دیگر کاموں میں مصروف تھے لیکن ان کے ذہن میں ہمہ وقت وہ سائیکل ہی سمائی رہتی تھی۔

          ’’ یار عاشر یہ چھٹیاں آخر کب ہونگی۔۔۔۔؟ ‘‘  ایک دن حمزہ نے بے چینی ست پوچھا

          ’’ کیوں ۔۔۔۔۔۔اگلے ہفتے سے تو ہو رہی ہیں ، تمہیں نہیں پتا کیا۔۔۔۔؟ ‘‘ عاشر اسکی لا علمی پر حیران ہوا

          ’’ ہاں بھئی پتا ہے کہ اگلے ہفتے سے ہو رہی ہیں لیکن یہ اگلا ہفتہ کب آئے گا۔۔۔۔؟ ‘‘  حمزہ نے بہت بے تابی سے پوچھا توعاشر کو اسکی بے چینی پر ہنسی آگئی۔

                   بے چینی تو اسکو بھی بہت تھی لیکن اسکی پڑھائی بھی بہت سخت تھی اور وہ اس سائیکل کو ذہن پر سوار کر کے اپنی پڑھائی متاثر کرنا نہیں چاہتا تھا۔جبکہ حمزہ تو تھا ہی سدا کا لا پرواہ۔۔۔ ۔ اسکو تو پڑھائی سے بھاگنے کا بہانہ چاہیئے تھا۔ وہ تو سائیکل والی بات ہی بمشکل ہضم کر پایا تھا۔ اگر عاشر کے پاپا کا ڈر نہ ہوتا تو آدھے شہر کو تو وہ بتا ہی چکا ہوتا اس انوکھی سائیکل کے بارے میں۔

                   آج ان کی چھٹیاں ہوگئیں تھیں اور ان دونوں نے گاؤں جانے کی تیاری شروع کر دی تھی ۔ حمزہ کی خوشی تو دیکھنے والی تھی جیسے اسکو کوئی بہت بڑ ی چیزملنے والی ہے۔حالت تو عاشر کی بھی کچھ کم نہ تھی، پہلے جب کوئی اس سے گاؤں جانے کی بات کرتا تھا تو اسکو سخت غصہ آجاتا تھا، لیکن آج تو بات ہی کچھ اور تھی۔۔۔۔اسکو اپنی نئی سائیکل چلانی تھی۔

ٍ                   پاپا نے سائیکل کو بھی ایک کنٹینر میں رکھوا کر فارم ہاؤس بھجوا دیا تھا۔اور اس کے ساتھ دو گارڈز بھی بھیج دیئے تھے کیونکہ اسکی حفاظت تو سب سے اہم تھی۔

                   فارم ہاؤس پہنچ کر ان دونوں نے پہلا کام یہی کیا کہ سائیکل کو کنٹینر سے نکلوا کر سڑک پر لے آئے اور اس کا معائنہ شروع کردیا۔  انہوں نے اسکا مینوئل دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔اکثر لوگ یہی غلطی کرتے ہیں کہ نئی چیز کا پہلے مینوئل پڑھنے کی بجائے خود ہی اسکوسمجھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جو کہ بالکل غلط رویہ ہے۔

                   وہ دونوں خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے، اور خود کو بڑا ماہر سائیکلسٹ سمجھے تھے جو سائیکل کو اس طرح سڑک پر لے آئے تھے، کیونکہ انہوں نے بچپن میں بہت سائیکل چلائی تھی اور بغیر کسی کی مدد کے چلائی تھی۔۔۔۔۔آج بھی انہوں نے یہی کیا تھا۔

                   عا شرنے سائیکل پر بیٹھ کر پاؤں پیڈل پر مارے تو وہ چل پڑی۔ وہ ایک لمبا راؤنڈ لگا کر واپس آگیا۔ پھر حمزہ کی باری تھی، اس نے بھی خوشی خوشی ایک راؤنڈ لگایا اور واپس آگیا۔ راستے میں بہت سے دیہاتی بھی ملے ۔۔۔۔کچھ کھیتوں میں کام کرتے ہوئے تو کوئی سڑک پر کھڑے ہوئے، کچھ سائیکلوں پر اپنے کام پر جاتے ہوئے، سبھی نے رک کر ان کی عجوبہ سائیکل کو حیرت سے دیکھا۔ لیکن یہاں اس بات کا خطرہ نہیں تھا کہ کوئی سائیکل کے بارے میں دریافت کرے گا یا چوری کی کوشش کرے گا۔ دونوں بے حد مسرور تھے۔ آج کے لئے اتنا ہی کافی تھا، اُنہوں نے گارڈ کو بلا کر کہا کہ سائیکل کو گیراج میں کھڑی کرو اور لاک کردو۔

                   پھر اُنہوں نے کھانا کھایا اور جلد ہی سو گئے کیونکہ وہ سفر کی وجہ سے تھکے ہوئے بھی تھے۔

          اگلے دن وہ صبح صبح ہی جاگ گئے تھے، ناشتے کا کہہ کر وہ سائیکل کی زیارت کرنے کے لئے پہنچ گئے۔آگے پیچھے سے گھوم پھر کر اسکا اچھی طرح معائنہ کیا۔ مگر ان کو یہ بات سمجھ نہ آئی کہ آ خر اس میں یہ ہیلی کاپٹر کے پروپیلر جیسے بڑے بڑے وہیل کیوں لگائے گئے ہیں۔ اور دو الیکٹریک بیٹریاں کس لئے ہیں۔۔۔۔؟ مگر فی ا لحال یہ سب سمجھنے کے لئے ان کے پاس ٹائم نہ تھا، وہ تو اس کے سحر میں ہی کھوئے ہوئے تھے۔

                   جلدی جلدی ناشتہ کر کے وہ باہر آگئے اور گارڈ کو سائیکل باہر نکالنے کے لئے کہا۔آج ان کا دور تک سیر کرنے کا ارادہ تھا ، اسی لئے جلدی اُٹھے تھے کیونکہ پھر دھوپ اور گرمی زیادہ ہوجاتی۔اُنہوں نے ایک سائیکل گارڈ سے بھی لے لی تھی کیونکہ انکی سائیکل پر تو صرف ایک ہی سیٹ تھی کوئی کیریئر بھی نہیں تھا۔عاشر نے یہاں آتے ہوئے اپنا گٹار بھی ساتھ لے لیا تھا ، اسے سب سے زیادہ اپنے گٹار سے ہی محبت تھی جس کا شوق وہ چھٹیوں میں پورا کیا کرتا تھا۔

                   عاشر نے گٹار اپنے کندھے سے لٹکایا اور گارڈکی سائیکل پر بیٹھ گیا جبکہ عاشر کی سائیکل پر حمزہ پہلے ہی براجمان تھا ، وہ مین روڈ پر آگئے تھے۔ صبح صبح کا وقت تھا اور گاؤں کی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا میں ان کو بہت مزہ آ رہا تھا لہذٰا ان کو اندازہ ہی نہ ہوا کہ وہ کتنی دور نکل آئے تھے، یہاں پہنچ کر ان کوایک ندی نظر آئی۔۔۔۔وہ بہت خوش ہوئے اور اِرد گِرد کے ماحول سے غافل ہوکر اُنہوں نے سائیکلیں سڑک کے پاس ہی چھوڑیں اور ندی کے کنارے آگئے۔

          ’’ چل یار عاشر شروع ہوجا۔۔۔بہت دن ہوگئے تیرا گٹار نہیں سنا۔‘‘ حمزہ نے ندی کے کنارے ہری ہری گھاس پر لیٹ کر انگڑائی لی

          ’’ ہاں یار مجھے بھی ایک عرصہ ہوگیا ہے اسکو بجائے ہوئے، لگتا ہے اب تو بھول بھی گیا ۔۔۔۔! ‘‘  عاشر نے گٹار کے تار درست کرتے ہوئے کہا

                   اچانک عاشر کی نظر سڑک کی جانب گئی تو اس نے دیکھا کہ کوئی دیہاتی اسکی سائیکل پر بیٹھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عاشر گٹار چھوڑ کر سائیکل کی جانب بھاگا، حمزہ بھی اس کے پیچھے دوڑا ۔ جب تک وہ سڑک پر پہنچے ۔۔۔۔۔۔وہ دیہاتی اپنی سائیکل چھوڑ کر عاشر کی سائیکل پر بیٹھ کر نو دو گیارہ ہو چکا تھا۔

          عاشر اور حمزہ کے تو ہاتھوں کے طوطے اُ ڑ گئے وہ ہکا بکا اس دیہاتی کو سائیکل لے جاتے ہوئے دیکھ رہے تھے۔

          ’’ سائیکل پر بیٹھو۔۔۔۔۔اس کا پیچھا کریں ۔‘‘  حمزہ نے عاشر کو کھینچا

          ’’  ٹہرو ۔۔۔۔۔پہلے میں فون کردوں۔ ‘‘ عاشر کو ا چانک خیال آیا اور اس نے فون پر گارڈز کو سائیکل کی چوری اور اس جگہ کے بارے میں مطلع کیا ۔پھر وہ دونوں گارڈ کی سائیکل پر بیٹھ کر اس جانب دوڑے جد ھر وہ دیہاتی گیا تھا۔

                   تھوڑی دیر میں وہ اس دیہاتی انکو نظر آگیا لیکن وہ کافی دور جا چکا تھا۔وہ دونوں اپنی سائیکل پر اسکا پیچھا کر رہے ، اچانک سامنے سے ایک بڑی گاڑی آتی دکھائی دی، وہ سمجھ گئے کہ گارڈزآگئے ہیں اور اب تو وہ اس دیہاتی کو ضرور روک لیں گے۔ لیکن یہ دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ سڑک پر چڑہا ئی کی وجہ سے سائیکل کو زور کا جھٹکا لگا اور سائیکل ہوا میں پرواز کرنے لگی ۔۔۔۔۔۔۔!

          وہ او نچی اور اُونچی ہوتی گئی اور سامنے سے آتی گاڑی سے بھی اُونچی ہو گئی۔ گاڑی کر پیچھے وہ کنٹینر بھی تھا جس میں سائیکل کو لایا گیا تھا۔۔۔۔اور سائیکل اس سے بھی اُونچی ہوگئی تھی۔ ہُو ا یہ تھا کہ سائیکل کو جھٹکا لگنے سے ا سمیں لگی الیکٹرک بیٹریاں آن ہوگئی تھیں اور اُنہوں نے  چار اُفقی پہیوں میں لگے چھ پروپیلر ز کو چلا دیا تھا جن کی بدولت سائیکل ہوا میں پرواز کرنے لگی تھی۔۔۔۔۔ اور یہی اس سائیکل کی انوکھی خوبی تھی جوعاشر کے پاپا نے راز میں رکھی تھی کہ عاشر اس خوبی کو خود دریافت کرے گا۔۔۔۔۔لیکن وہ تو ایک دیہاتی کی قسمت میں تھی۔ اس دیہاتی نوجوان نے عاشر اور حمزہ کو کل بھی سائیکل چلاتے ہوئے حیرت اور حسرت سے دیکھا تھا۔۔۔۔۔اور آج اسکو یہ موقع خود بخود مل گیا تھا کہ وہ بھی اپنی حسرت پوری کر سکتا تھا۔

                    اتفاق سے اس علاقے میں ایک سروے ٹیم بھی آئی ہوئی تھی۔۔۔۔۔۔۔اس ٹیم کے افراد نے بھی یہ حیرت انگیز منظر دیکھا۔ نا صرف دیکھا بلکہ اپنے کیمروں میں قید بھی کرلیا۔گارڈز مسلسل اس سائیکل کا پیچھا کرتے رہے کہ کہیں تو جا کر وہ رکے گی ۔ کئی میل دور جا کر جب اس کی بیٹری ختم ہوگئی تو وہ آہستہ آہستہ نیچے اُترنے لگی۔

                   جیسے ہی سائیکل نیچے اُتری گارڈز بھی گاڑی سے اُتر کر اسکی طرف دوڑے۔ وہ دیہاتی تو اس جادوئی سائیکل سے اس قدر خوفزدہ تھا کہ سائیکل زمین پر اُترتے ہی وہ بے ہوش ہوکر گِر پڑا تھا۔۔۔۔کچھ اس بات کا بھی خوف ہوگا کہ گارڈز اس کا پیچھا کررہے تھے وہ اس کو نہیں چھوڑیں گے۔ گارڈز نے سب سے پہلے سائیکل کو کنٹینر میں بند کیا اور فارم ہاؤس کی جانب لے گئے ۔وہاں اور دیہاتی بھی آگئے تھے جو اس دیہاتی کو ہوش میں لانے کی کوشش کرنے لگے۔

          سروے ٹیم نے جو اپنے کیمروں اور سیل فون کے ذریعے فلمیں بنائی تھیں وہ اُنہوں نے فوراََ اپنے دفتر بھیج دی تھیں جہاں سے وہ مختلف ٹی وی چینلز کو پہنچ گئی تھیں۔۔۔۔۔۔۔!

                   ’’   ایک نا قابلِ یقین واقع۔۔۔۔!  ایک دیہاتی نوجوان اُڑن سائیکل چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔۔۔۔۔!سروے ٹیم سمیت سینکڑوں دیہاتیوں نے بھی یہ حیرت انگیز منظر دیکھا۔ آخر اس دیہاتی کے پاس ایسی اُڑنے والی سائیکل آئی کہاں سے جوآج تک کسی نے نہیں دیکھی۔۔۔۔۔۔؟ ‘‘

          عاشر کے پاپا نے جب یہ خبر ٹی وی پر چلتی دیکھ تو انکا دماغ گھوم گیا، اور وہ سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

 

Author: tasneem

Tasneem Jafri is a teacher by profession, she has been writing stories for kids in magazines and newspapers. She has written many books for kids and received multiple recognition and awards.